’’را‘‘ پرالزام لگانے سے کام نہیں چلے گا :محمود خان اچکزئی

’’را‘‘ پرالزام لگانے سے کام نہیں چلے گا :محمود خان اچکزئی

217 0 0

سربراہ پختونخوا ملی عوامی پارٹی محمود خان اچکزئی کا کوئٹہ کے سول ہسپتال میں ہونے والے دھماکے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ صرف ’’را‘‘ پرالزام لگانے سے کام نہیں چلے گا ۔

ان کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کے سول ہسپتال پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے ، اب ہم پاکستان میں کسی ملک کی پراکسی وارنہیں لڑیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کیا ایوان صرف دعاؤں کے لئے ہے ۔ میں آئندہ پارلیمنٹ میں فاتحہ خوانی نہیں کروں گا ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف بلا امتیاز کارروائی لازمی ہے ۔

محمود خان نے الزام لگایا کہ ملک دشمن عناصر ہماری ایجنسیوں کی پے رول پر ہیں ۔ یہ ہمارے انٹیلی جنس اداروں کی ناکامی ہے ۔ ہماری ایجنسیاں گدلے پانی سے سوئی ڈھونڈ سکتی ہیں تو دہشت گردوں کی تلاش میں کیوں ناکام رہیں ۔

واضح رہے کہ سربراہ عوامی ملی پارٹی محمود خان اچکزئی اس سے پہلے افغانستان کے حوالے سے بھی متنازعہ بیان دے چکے ہیں جس میں ان کا کہنا تھا خیبر پختونخوا افغانوں کا ہے اور وہ جہاں چاہیں بلا خوف و خطر رہ سکتے ہیں۔

افغان ٹائمز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں محمود خان اچکزئی نے کہا ” اگر افغان مہاجرین کو پاکستان کے دوسرے صوبوں میں ہراساں کیا جاتا ہے تو انہیں یہاں صوبہ خیبر پختونخوا میں آجانا چاہیے جہاں ان سے کوئی بھی مہاجر کارڈ طلب نہیں کرے گا کیونکہ یہ انہی کا ہے۔“